خبرنامہ پاکستان

پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا،ایک فٹ تک برفباری

پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا،ایک فٹ تک برفباری
اسلام آباد/ لاہور/مالاکنڈ /کراچی(ملت آن لائن)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دھوپ نکلنے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ،سردی کی شدت میں کمی ہو گئی جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور ڈویژن، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چندمقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کاکول میں 27 ملی میٹر جبکہ مالم جبہ میں ایک فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔جبکہ اسلام آباد میں دھوپ نکلنے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور سردی کی شدت میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے ۔دوسری جانب کراچی میں موسم سرد اور مطلع صاف ہے، گزشتہ شب شہر میں کم از کم درجہ حرارت 12.6 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جمعرات کو کراچی میں کم از کم درجہ حرارت 9 سے 11 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ادھر قلات، کوئٹہ اور دالبندین سمیت صوبے کے بیشتر علاقے بدستور شدید سردی کی لیپٹ میں ہیں، پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔ قلات میں کم از کم درجہ حرارت منفی 8، کوئٹہ میں منفی 6، دالبندین میں منفی 5 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے۔ صوبے بھر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات نے لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کراچی میں مطلع صاف رہے گا۔