خبرنامہ پاکستان

پاکستان ایشیا کی تیزی سےترقی کرتی ہوئی معیشتوں کی صف میں شامل ہو چکا، وزیراعظم

نیویارک:(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کیلئے جاری پرامن مقامی جدوجہد کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتا رہے گا۔ اتوار کی سہ پہر نیویارک پہنچنے کے فوری بعد پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیرکا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے سے ہی ممکن ہے جو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ہو۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے جدوجہد آزادی کو کامیابی کے ساتھ اپنے کئی نسلوں کو منتقل کیا ہے اور اب کشمیری نوجوانوں نے تحریک آزادی میں نیا جوش اور ولولہ شامل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری خاتمہ ضروری ہے ۔اسے یہ بات بھی تسلیم کرنا ہوگی کہ کشمیری عوام کی رائے کا احترام کیا جائے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت عالمی برادری میں سیاسی طور پر مستحکم ، زیادہ محفوظ اور معاشی حوالے سے مضبوط ملک کا مقام حاصل کرچکا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایشیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشتوں کی صف میں شامل ہو چکا ہے اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے ، ریٹنگ ایجنسیاں اور عالمی سطح پر معروف کئی جریدے اس بات کا اعتراف کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمہ ‘معیشت کی بحالی اور توانائی کے حوالہ سے خودانحصاری پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ الحمدللہ سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں ‘ پولیس کی بے مثال قربانیوں اور پوری قوم کے بے مثال عزم کے نتیجہ میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔ ہم نے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے بعد آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد شروع کیا جس کے نتیجہ میں ملک سے دہشت گردی کم ہو رہی ہے اور انشاء اللہ جلد ہی ملک اس کینسر سے نجات حاصل کرلے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم توانائی کے بحران جس سے ہمارے عوام طویل عرصہ سے متاثر ہو رہے تھے، پر قابو پا نے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ملک کے مختلف حصوں میں ماحول دوست توانائی سمیت توانائی کے کئی پیداواری منصوبوں پر کامیابی سے مکمل کئے جا رہے ہیں اور 2018ء کے آغاز تک تقریباً 10ہزار میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی حکومت کے موجودہ دور کی تکمیل تک پاکستانی عوام سے کئے گئے اپنے وعدوں کو پورا کریں گے اور 2018ء تک ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیا جائے۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک کے طول وعرض میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے 850 ارب روپے سے زائد کے کئی ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور ترقی کے عمل میں کوئی صوبہ یا علاقہ پیچھے نہیں رہے گا اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ملک کے تمام حصے ترقی کے اس عمل سے یکساں طور پر مستفید ہو ں۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ صرف گیم چینجر ہی ثابت نہیں ہوگا بلکہ اس سے پورے خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔راہداری منصوبہ کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے ملک بھر میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے غربت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہمیں پاکستان کے روشن مستقبل کی امید ہے اور گزشتہ تین سال کے دوران سب کچھ عوام کے سامنے ہے۔ اپنی گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی اور داخلی سلامتی کے حوالہ سے کامیابیوں کا سفر قوم کے تعاون سے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی امید کرنے کی ایک وجہ ہے کہ گزشتہ تین سال کے دوران ہر کام آپ کے سامنے ہو رہاہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہاکہ پوری قوم کے تعاون سے ہم ملک کی سماجی و اقتصاد ی ترقی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں گے۔