خبرنامہ پاکستان

پاکستان تحریک انصاف کا وزیراعظم کیخلاف ایک اورریفرنس تیار

اسلام آباد :(آئی این پی) تحریک انصاف نے سڑکوں کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ میں بھی وزیراعظم کے خلاف ریفرنس لانے کی تیاری مکمل کرلی ہے جبکہ ن لیگ پہلے ہی عمران خان کے خلاف نااہلی ریفرنس اسیپکر قومی اسمبلی میں جمع کرا چکی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف نے” جواب آں غزل” کے طور پر وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا ہے، ریفرنس کی منظوری کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، جو شاہ محمود قریشی کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ ہاوٴس میں ہوگا۔ وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے اجلاس میں کیا گیا تھا، اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں میری اور وزیر اعظم نواز شریف کے نااہلی ریفرنسسز کی سماعت ایک ساتھ ہو۔عمران خان نے کہا کہ پارلیمنٹ کو وزیراعظم ہی مضبوط کرتے ہیں مگر وہ خود پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر غلط بیانی کرتے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے استفسار کیا کہ اگر وزیراعظم ہی پارلیمنٹ کوجواب دہ نہیں تو ایوان اور جمہوریت کیسے مضبوط ہوگی۔ اس سے قبل تحریک انصاف وزیر اعظم کے اہل خانہ کے خلاف ریفرنس جبکہ وزیر اعظم کی نااہلی کا بھی ریفرنس دائر کرچکی ہے۔