خبرنامہ پاکستان

پاکستان ریلوے کی خصوصی عید ٹرینیں اپنی منزل کی جانب گامزن

کراچی:(اے پی پی) عید الضحیٰ کے موقع پرپاکستان ریلوے کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی ٹرینیں اپنی منزل کی جانب گامزن ہیں۔ پہلی اسپیشل ٹرین آج دن گیارہ بجے کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوگئی جو نوابشاہ ، ملتان کینٹ ، فیصل آباد اورسرگودھا سے ہوتی ہوئی کل رات 10 بج کر30 منٹ پرپشاورکینٹ پہنچے گی۔ اس کے علاوہ دوسری اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے روانہ ہوئی جو سکھر، ملتان اورلاہور سے ہوتی ہوئی اتوارکی شام 7 بج کر30 منٹ پرراولپنڈی پہنچے گی۔ تیسری عید اسپیشل ٹرین اتوارکو کراچی کینٹ سے صبح 11 بجے روانہ ہوکرخانیوال اورفیصل آباد میں مختصر وقفے کے بعد پیرکے روزلاہورپہنچے گی، چوتھی اسپیشل ٹرین پیرکوراولپنڈی سے صبح 10 بجے روانہ ہوکرسہ پہر3 بج کر 10 منٹ پرلاہورپہنچے گی۔ پیر ہی کے روز پانچویں اور آخری اسپیشل ٹرین لاہور سے شام ساڑھے 7 بجے راولپنڈی کے لئے روانہ ہوگی۔ پاکستان ریلویزنے عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران ریلوے کرایوں میں بھی کمی کا اعلان کیا ہے۔