خبرنامہ پاکستان

پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل صفایا کر دیا جائے گا، صدر

اسلام آباد:(اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل صفایا کر دیا جائے گا، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، مسلم ممالک کو اپنے باہمی مسائل او آئی سی کے فورم پر حل کرنے چاہئیں۔ یہ بات صدر مملکت نے کویتی سفیر نواف عبدالعزیز علین زی سے بات چیت کر تے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کویتی سفیر نے امیر کویت کا کوئٹہ دھماکوں پر تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔ امیر کویت نے کہا کہ کوئٹہ دہشت گردی کے بے رحمانہ واقعہ پر دل گرفتہ ہیں۔ صدر مملکت نے امیر کویت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل موقع پر آپ کے پیغام سے ہمارا حوصلہ بڑھا ہے۔ ممنون حسین نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کا واقعہ دہشت گردی کی آخری کو ششوں میں سے ایک ہے، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات زیادہ سے زیادہ بہتر ہونے چاہئیں تاکہ دہشت گردی اور شدت پسندی کا خاتمہ زیادہ مناسب طریقے سے کیا جا سکے۔ صدر نے کہا کہ مسلمان ملکوں کو اپنے باہمی مسائل او آئی سی کے فورم پر حل کرنے چاہئیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ کویت ہو یا کوئی اور اسلامی ملک، پاکستان مشکل وقت میں اس کے ساتھ کھڑا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام اسلامی ملکوں کے ساتھ معاشی تعلقات میں بہتری چاہتا ہے، تمام اسلامی ممالک کے درمیا ن تعلیم، صحت، سائنس کے میدان میں تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کویتی سفیر نواف عبدالعزیز علین زی کی پاکستان میں سفارتی خدمات کو سراہا۔ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ کویتی سفیر پاکستان میں اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے بعد بھی پاکستان کویت دوستی کے مشن کو فروغ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ کو یتی حکومت کو پاکستانی افراد ی قوت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے ویزا پالیسی میں نرمی کرنی چاہئے۔ اس سلسلہ میں حکومت پاکستان نے اقدامات کئے ہیں تاکہ کویتی قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔ صدر نے کہا کے یمن کے معاملہ میں پاکستان کویت کی پالیسی کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اس موقع پر کویتی سفیر نے کہا کہ کویتی حکومت پاکستانیوں کو ویزے کے حصول میں درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور ان مسائل کو جلد حل کر لیا جائے۔