خبرنامہ پاکستان

پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کو دیگرزیادہ سہولیات فراہم کررہاہے

پیرس (آئی این پی)وفاق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خطے کے دیگر ملکوں سے زیادہ سہولیات فراہم کررہاہے۔ پیرس میں فرانس کی گاڑیاں تیار کرنے کی کمپنیوں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان میں اقتصادی استحکام کے بعد کاروں کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو ا ہے۔کمپنیوں کے نمائندوں نے پاکستان میں کاروں کی تیاری کے شعبے میں دلچسپی ظاہر کی۔ ملاقات میں چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور فرانس میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے اس وقت ماحول بہت ساز گار ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو بہت سی سہولتیں دے رہی ہے۔ حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکسوں کی وصولی میں بہتری آئی ہے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بہتر بنائی گئی ہے اور سوشل سیکٹر کے لئے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا جی ڈی پی گروتھ ریٹ 4.7 فیصد ہے جو پچھلے آٹھ سالوں میں سب سے زیادہ ہے اور حکومت اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ جی ڈی پی ریٹ 5.5 فیصد تک حاصل کرلیا جائے اور آئندہ چند سالوں میں اسے 6 سے 7فیصد تک لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی اداروں اور اقتصادی ماہرین نے پاکستانی معیشت کی ترقی کے حوالے سے اپنی جائزہ رپورٹس جاری کی ہیں جو حوصلہ افزا ہیں اور 2050 تک پاکستان گلوبل اکانومی میں 18ویں نمبر تک آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے باعث پاکستان کی معیشت کو ماضی میں نقصان پہنچا اور پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اس جنگ میں ہزاروں کی تعداد میں سکیورٹی اہلکاروں اور سویلین کی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ پاک فوج نے ضرب عضب آپریشن 2014 میں شروع کیا جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا ہے اور ان کا نیٹ ورک بھی ختم کیا جارہاہے۔ پاک فوج کی کوششوں سے دہشت گردی کی جنگ میں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں۔ پاکستان پورے خطے میں امن و استحکام کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام متنازعہ امور پر مذاکرات کے لئے پاکستان تیار ہے جس میں مسئلہ کشمیر کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ستر دن سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے جو مظالم کئے ہیں اس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے وہاں نہتے معصوم کشمیریوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے فرانس پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرے اور بھارت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ان ہیں حق خود ارادیت مل نہیں جاتا۔ (ن غ)