خبرنامہ پاکستان

پاکستان مقبوضہ کشمیرکی اخلاقی ، سیاسی اورسفارتی حمایت کرتا رہےگا: وزیراعظم

نیویارک :(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کیلئے جاری پرامن مقامی جدوجہد کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت کرتا رہے گا۔ اتوار کی سہ پہر نیویارک پہنچنے کے فوری بعد پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیرکا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے سے ہی ممکن ہے جو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ہو۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے جدوجہد آزادی کو کامیابی کے ساتھ اپنے کئی نسلوں کو منتقل کیا ہے اور اب کشمیری نوجوانوں نے تحریک آزادی میں نیا جوش و جذبہ شامل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری خاتمہ ضروری ہے ۔اسے یہ بات بھی تسلیم کرنا ہوگی کہ کشمیری عوام کی رائے کا احترام کیا جائے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت عالمی برادری میں سیاسی طور پر مستحکم ، زیادہ محفوظ اور معاشی حوالے سے مضبوط ملک کا مقام حاصل کرچکا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایشیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشتوں کی صف میں شامل ہو چکا ہے اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے ، ریٹنگ ایجنسیاں اور عالمی سطح پر معروف کئی جریدے اس بات کا اعتراف کرتے ہیں۔