خبرنامہ پاکستان

پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے 2018کو سیاحتی سال قرار دیدیا

پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے 2018کو سیاحتی سال قرار دیدیا

اسلام آباد (ملت آن لائن ) پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی ) نے 2018کو سیاحتی سال قرار دیدیا ہے ‘رواں سال عالمی ‘ملکی اور مقامی سطح پر سال سیاحت کے فروغ کے لئے نمایاں اقدامات اٹھائیں جائیں گے ‘عالمی زرائع ابلاغ بھی پاکستان کے خوبصورت قدرتی سیاحتی مناظر اور بہترین میزبانی کا اعتراف کر چکے ہیں۔ اپنے بیان میں ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور خان نے میڈیا سے بات کرتےہوئے کہا کہ پاکستان کی بین الاقوامی سیاحتی کانفرنس، سیمینار، میٹنگز میں شرکت سے پاکستان کا امیج بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ پاکستان کی سیاحت دوست پالیسی اور ملک میں امن و امان قائم ہونے کی وجہ سے سیاحوں نے پاکستان کا رخ کیا ہے۔پاکستان آنے والے سیاحوں کو بہترین سیاحتی سہولیات اور سیکورٹی فراہم کی جائیں گی۔ ملک میں سیاحت کی سرگرمیاں بہترہو رہی ہیں اور بیرونِ ملک بھی سیاحوں کا پاکستان پر اعتمادبحال ہو رہا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک کا امیج دنیا بھر میں ایک امن پسند اور سیاح دوست ملک کے طور پر ابھرے۔ اسی مقصد کے تحت ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی کانفرنس جنوری 2018میں اسلام آباد میں منعقد کروائی جا رہی ہے جس میں ایشیا اور پیسیفک ریجن کے ممبران ممالک کے نمائندے شرک کریں گے۔اس کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کی سیاحت سے متعلق بین الاقوامی تاثر بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ سیاحت کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں جن میں خصوصی سیاحتی سیٹلائٹ ٹی وی چینل کا اجرا، سٹی ٹور بس سروسز، پی ٹی ڈی سی سروسزکے معیار کو بہتر بنانا ، سیاحتی مطبوعات کی اشاعت اور انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ اس شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا شامل ہے۔پاکستان میں واقع ہندو مت، بدھ مت اور سکھوں کے مقدس مقامات پر زائرین کو اعلیٰ معیار کی رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ مذہبی ٹورازم جیسے بھی حالات ہوں بند نہیں ہو سکتااس لیئے اس کی سب سے زیادہ اہمیت ہے۔ ہم ڈومیسٹک ٹورازم کواولین ترجیح پر رکھیں گے دوسرے مرحلے میں اوورسیز پاکستانیر اور پھر غیر ملکی سیاحوں پر تو جہ دیں گے۔اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے ہمیں ویزا پالیسی کو بھی نرم کرنا پڑے گا۔ ٹورازم سیکٹر کومختلف سب سیکٹرز یعنی مذہبی‘ ماحولیاتی ‘زراعی ‘ثقافتی اور طبعیسیاحت میں تقسیم کیا ہے تا کہ ہر شعبہ پر الگ سے مکمل تو جہ دی جا سکے۔انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ ملک میں سیاحت کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور پاکستان کے سیاحتی و ثقافتی مقامات کو دنیا بھر میں اجاگر کریں تاکہ سیاحوں کی بڑی تعداد پاکستان کا رخ کرے۔