خبرنامہ پاکستان

پاکستان کا تصور جمہوری، ترقی پسند اور جدید ریاست تھی: زرداری

اسلام آباد(آئی این پی)سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کا تصور ایک جمہوری، ترقی پسند اور جدید ریاست تھی جس کی بنیاد پارلیمانی وفاق تھا جس میں ملائیت اور مذہبی انتہا پسندی کی کوئی جگہہ نہیں تھی۔ آج ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہئے کہ ریاست کو جمہوریت، جدیدیت اور فلاح کی بنیاد کی بجائے ملائیت پر چلانے کو مسترد کر تے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور سماجی مساوات کے فروغ ہی سے ملک کی سلامتی وابستہ ہے اور آج بابائے قوم کی برسی کے موقع پر ہم ان اصولوں پر علم پیراء ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اس عزم کا تقاضہ ہے کہ ایک طرف تو ہم دہشتگردی کی ذہنیت کو شکست دیں اور دوسری جانب مخالف کی رائے کو برداشت کریں۔ سابق صدر نے ملک کے حصول اور پاکستان میں جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لئے قربانیاں دینے والوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔