خبرنامہ پاکستان

پاک امریکہ ملکر کام کر رہے ہیں، اعزازچوہدری

پاک امریکہ ملکر کام کر رہے ہیں، اعزازچوہدری
اسلام آباد:(ملت آن لائن)امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو دوبارہ ٹریک پر لانے کی غرض سے ’’مشترکہ بنیادیں‘‘تلاش کرنے کیلئے ملکر کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستانی قونصلیٹ نیو یارک میں پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان اعتماد سازی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ اہم پہلو یہ ہے کہ دونوں ممالک تعلقات میں بہتری کی خواہش رکھتے ہیں۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ تعلقات میں اتار چڑھاؤ کے باوجود دونوں ملکوں نے ہمیشہ اپنے اختلافات ختم کرنیکی کوشش کی اور پارٹنر شپ کو بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام غلط فہمیوں کو دور کرنا چاہتا ہے۔ حال ہی میں دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطح پر رابطوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں صورتحال سے متعلق بالخصوص افغانستان میں امن و استحکام لانے کیلئے قریبی رابطوں میں ہیں۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں کیونکہ افغانستان میں عدم استحکام سے پاکستان براہ راست متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مسئلے کا فوجی حل ممکن نہیں، جامع مذاکرات افغانستان میں امن بحال کرنیکا واحد راستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسداد دہشت گردی آپریشن کے ذریعے ملک سے عسکریت پسند گروپوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔ امریکی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کا 43فیصد علاقہ افغان حکومت کے کنٹرول میں نہیں۔