خبرنامہ پاکستان

پاک بھارت کشیدگی ، وزیرخزانہ ارون جیٹلی کےسارک کانفرنس میں شرکت کا امکان نہیں

نئی دہلی (آئی این پی)بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک بھارت کشیدہ تعلقات کے باعث بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے اگلے ہفتے اسلام آبادمیں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت کا امکان نہیں ہے تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ وزیراعظم نریندر مودی کریں گے ۔بھارتی میڈیاکے مطابق حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال کی وجہ سے اگلے ہفتے اسلام آبادمیں ہونے والی سارک کانفرنس میں بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی شرکت کا امکان نہیں ہے تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ وزیراعظم نریندر مودی ہی کریں گے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے سارک وزراء داخلہ کانفرنس میں شرکت کیلئے دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستان کے رویے سے خوش نہیں ہے ۔سارک ممالک کے وزراء خزانہ نے 25اور 26اگست کو اسلام آبادمیں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت کرنی ہے ۔بھارتی میڈیا کا الزام ہے کہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے دورہ پاکستان کے دوران اچھا سلوک نہیں کیا گیا جبکہ راجناتھ سنگھ پاکستان پر بے بنیاد الزام تراشیوں پر ملنے والے جواب پر خود ہی کانفرنس چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے تھے ۔