خبرنامہ پاکستان

پی ٹی وی حملہ کیس: عمران خان انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش

پی ٹی وی حملہ کیس

پی ٹی وی حملہ کیس: عمران خان انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 4 مختلف مقدمات میں طلبی پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوگئے۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کے خلاف 2014 کے دھرنے کے دوران دائر کیے گئے چار مقدمات کی سماعت جاری ہے، عدالت نے انہیں 12 بجے تک پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کے طلب کیے جانے پر عمران خان آج پانچویں مرتبہ پیش ہوئے۔ آج ہونے والی سماعت میں عمران خان کے وکیل بابر اعوان سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے جن کی جگہ معاون وکیل شاہد گوندل عدالت میں پیش ہوئے۔ انسداد دہشتگردی عدالت سےعمران خان کی عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع عمران خان کےخلاف پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت سابق ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کا کیس بھی شامل ہے۔ 13 دسمبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت میں ان چاروں مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع کی گئی تھی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ عمران خان کے وکیل بابراعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا ایس ایس پی جونیجو حملہ کیس میں 11 گواہوں کے بیانات قلمبند ہوئے، کسی ایک گواہ نے بھی عمران خان پر حملے کا الزام نہیں لگایا۔ بابر اعوان نے کہا عمران خان ایس ایس پی جونیجو پر حملے کے وقت موقع پر موجود نہیں تھے اور نہ ہی ان سے کوئی برآمدگی ہوئی۔ پراسیکیوٹر نے عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا عمران خان نے اعلانیہ کارکنان کو پولیس پر حملہ کرنے پر اکسایا۔