خبرنامہ پاکستان

چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرزمیں اجلاس

چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال

چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرزمیں اجلاس

اسلام آباد(ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے قومی احتساب بیورو ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں نیب ہیڈکوارٹرز اور نیب کے تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نیب نے اجلاس میں خصوصاً ان احکامات کی عملدرآمد رپورٹ کاجائزہ لیا جو انہوں نے اپنے منصب کی ذمہ دایاں سنبھالنے کے بعد دیئے تھے۔ اجلاس میں پراسیکیوشن، آپریشن اور آگاہی اور تدارک ڈویژن نے اپنی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب سے متعلق تقریباً 173 فیصلے دیئے ہیں، ان کو اور نیب کے قانون کے تحت کوئی بھی انکوائری اور انویسٹی گیشن قانون کے دائرے سے باہر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت تقریباً84 ارب ڈالر سے زیادہ کامقروض ہے، دوسری طرف موبائل فون کمپنیاں مبینہ طورپر تقریباً400ارب روپے کا ٹیکس ایف بی آر کو نہیں دیتی، نیب میں اب صرف اور صرف قانون کے مطابق کام، کام اور کام ہوگا۔ انہوں نے گزشتہ 3ماہ کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نیب کے کام میں تبدیلی کو پوری قوم دیکھ رہی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ہم نے پوری قوم کے ساتھ مل کر ملک سے بد عنوانی کاخاتمہ کرنا ہے اور اس سلسلہ میں نیب افسران کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔