خبرنامہ پاکستان

کراچی آپریشن؛ جو میرے آئینی دائرہ کارمیں ہےوہ میں کروں گا‘ نثار

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن سے متعلق جو میرے آئینی دائرہ کار میں آتا ہے وہ میں کروں گا‘ ماورائے عدالت قتل کے حوالے سے فوجی قیادت سمیت رینجرز سے بھی بات کی تھی‘ رینجرز وفاق کی فورس ہے مگر سندھ حکومت کے ماتحت ہے‘ ایم کیو ایم کے تحفظات کے حوالے سے قانونی سیاسی اور اخلاقی طور پر جواب دوں گا۔ وہ بدھ کو قومی اسمبلی میں رکن اسمبلی اقبال محمد علی کے نکتہ اعتراض پر جواب دے رہے تھے۔ رکن اسمبلی ایم کیو ایم اقبال محمد علی نے کہا کہ میرے حلقے میں چار گاڑیاں بغیر نمبر پلیٹ اور سادہ لباس میں اہلکار آئے اور میرے دفتر میں آکر گرفتاریاں کی گئیں۔ مہاجروں وک دیوار سے لگانے کی بات ہورہی ہے اور تعصب کی آگ بھڑکائی جارہی ہے اگر یہ آگ بھڑک اٹھی تو پھر کوئی بھی نہیں بچے گا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ یہ قابل مذمت قدم ہے مگر یہ صوبائی مسئلہ ہے اور میں ڈی جی رینجرز سے بھی اس حوالے سے بات کرونگا اور صوبائی حکومت سے اس معاملے پر بات ہوگی اور آج تک کا وقت دیا جائے اس بابت جو میرے آئینی دائرہ کار میں آتا ہے وہ میں کروں گا جب ماورائے عدالت قتل ہوا میں نے فوجی قیادت سمیت جنرل بلال سے بھی بات کی اور اس پر صوبائی حکومت سے تحقیقات کا کہا رینجرز وفاق کی فورس ہے مگر ماتحت صوبائی حکومت ہے قانونی سیاسی اور اخلاقی طور پر اس مسئلے پر رپورٹ دونگا۔ (ن غ /ع ح)