خبرنامہ پاکستان

کراچی سرکلرریلوےکا معاملہ اب ٹریک پرآگیا ہے، سعد رفیق

کراچی سرکلرریلوےکا معاملہ اب ٹریک پرآگیا ہے، سعد رفیق
کراچی:(ملت آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کا معاملہ اب ٹھیک ٹریک پر آگیا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ حکومتوں کو کام نہ کرنے دیا جائے اور ٹانگیں کھینچی جائيں تو پھریکسوئی سے کام نہيں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام ہو تو ملک کے حالات بہتر ہوتے ہیں لیکن کچھ عرصے سے سیاست کو زيادہ وقت دینا پڑر ہا ہے جس سے کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کا ریونیو 18 ارب سے بڑھ کر 40 ارب پر آگیا ہے اور 30جون 2018 تک ریلوےکا ریونیو 50 ارب تک پہنچ جائےگا۔ سعد رفیق نے بتایا کہ سندھ کی گزشتہ حکومت کو کراچی سرکلر ریلوے میں دلچسپی نہیں تھی لیکن موجودہ وزیراعلیٰ سندھ کےسی آر میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں، کل وزیراعلیٰ سے ملاقات ہوئی تھی اور کے سی آر کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں، اب کراچی سرکلر ریلوے کا معاملہ اب ٹھیک ٹریک پر آگیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کراچی پر وہ توجہ نہیں دی گئی جو دینی چاہیےتھی لیکن آنے والا وقت بہتر اور خوبصورت کراچی کا ہے، کراچی پاکستان کا چہرہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 3سال بعد ریل گاڑی کی کوئی بوگی بوسیدہ نظر نہیں آئی گی جب کہ 10 سے 15سال میں ریلوے کا شمار بہتر اداروں میں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ابھی خسارے سے نہیں نکلے ہیں اور ہم نے آمدنی بڑھا کر اسے ریلوے پر لگایا ہے، 70سال سے ریلوے یارڈز پر کچھ نہیں لگا ہے۔