خبرنامہ پاکستان

کراچی میں غیر قانونی شادی ہالز کی بھرمار

کراچی میں غیر قانونی شادی ہالز کی بھرمار

کراچی:(ملت آن لائن) ڈائریکٹر جنرل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں بیشتر شادی ہالز کو غیر رجسٹرڈ قرار دے دیا۔ چیف جسٹس پاکستان کے حکم پر کراچی میں غیر قانونی شادی ہالز کے خلاف کے ڈی اے کا آپریشن جاری ہے جس میں اب تک کئی شادی ہالز کو مسمار کیا جاچکا ہے۔ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی نے شہر میں بیشتر شادی ہالز کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی کے مطابق کراچی میں 476 شادی ہالز میں سے صرف 6 ہالز رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 2 درجن سے زائد ہالز گلستان جوہر بلاک میں قائم ہیں۔ ڈی جی کے ڈی اے کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ شادی ہالز سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کاسہارا لے رہے ہیں لیکن ان تمام غیر قانونی ہالز کو گرایا جائے گا۔

……………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…کراچی: مشکوک افراد کی جسٹس گلزار کے بیٹے کو روکنے کی کوشش

کراچی:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار کے صاحبزادے کی گاڑی کے قریب مشکوک افراد کی موجودگی پر گارڈز نے فائرنگ کردی۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار احمد کے صاحبزادے سعد گلزار کراچی کے علاقے انڈسٹریل ایریا کے قریب ویٹا چورنگی پر اپنی گاڑی میں سوار تھے کہ اس دوران ان کی گاڑی کے قریب مشکوک افراد کو دیکھ کر ان کے محافظ نے ہوائی فائرنگ کردی جس سے مشکوک افراد فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی نعمان صدیقی کے مطابق سعد گلزار فارماسیوٹیکل کمپنی کے پروجیکٹ مینیجر ہیں، واقعے کے وقت ان کی گاڑی ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی تھی کہ اس دوران موٹرسائیکل پر سوار تین مشکوک افراد نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ نعمان صدیقی نے بتایا کہ مشکوک افراد نے پستول بھی نکالا تھا جس پر سعد گلزار کے محافظ نے ہوائی فائرنگ کی جس سے مشکوک افراد فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی کے مطابق شواہد ملے ہیں کہ سعد گلزار کے گارڈ کی فائرنگ سے ایک نامعلوم شخص زخمی بھی ہوا۔ نعمان صدیقی کا کہنا ہےکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور مشکوک افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے گئے ہیں جب کہ تاحال سعد گلزار کا بیان ریکارڈ نہیں کیا گیا، ان کے بیان کے بعد مزیر کارروائی کی جائے گی۔