خبرنامہ پاکستان

کراچی میں پہلی بارخوف کےبغیراصلی انتخابات ہوئے، رحمن ملک

اسلام آباد : (اے پی پی) سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں پہلی بار خوف اور ٹھپوں کے بغیر اصلی انتخابات ہوئے تو کامیابی پیپلز پارٹی کا مقدر بنی۔ انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ رحمن ملک نے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے فوج اور سیکورٹی اداروں کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ تمام سیاسی قوتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی جیسے چیلنجوں کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے ضمنی انتخابات میں خوف اور ٹھپوں کی روایات سے ہٹ کر آزادانہ انتخابات ہوئے ہیں اور کامیابی پیپلز پارٹی کا مقدر بنی ہے۔ ہم تو ہمیشہ کہتے ہیں کہ شفاف انتخابات ہوں تو اصل مینڈیٹ کا پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی بات میں صداقت ہے۔ انہوں نے بجا کہا کہ کراچی بھٹو کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی طبیعت جونہی بہتر ہو گی پاکستان آ جائیں گے۔