خبرنامہ پاکستان

کرپشن کے خلاف ہمارا مشن جاری ہے، عابد شیر

چنیوٹ:( آئی این پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا واپڈ\ فیسکو کمپلیکس چنیوٹ کا سرپرائز وزٹ کھلی کچہری میں لوگوں کی شکایات سنی اور ان پر فوری عمل در آمدکے احکامات جاری کئے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پورے پاکستان میں سر پرائز وزٹ کر رہا ہوں تاکہ لوگوں کی شکایات کا ازالہ ان کی دہلیز پر کیا جا سکے کرپشن کے خلاف ہمارا مشن جاری ہے عوام کے خلاف ظلم و زیادتی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی نئی پیداوار ہر تین ماہ بعد سسٹم میں شامل کی جارہی ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ میں کافی حد تک کمی آرہی ہے ۔وزیر اعظم پاکستان کے اعلان کے مطابق مارچ 2018 ء میں ملک میں جاری اندھیروں کا خاتمہ ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی رہائشی علاقوں میں کھلی تاروں کی تبدیلی کا عمل بھی جاری ہے جس سے کرنٹ لگنے کے واقعات کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چناب نگر میں نئے گرڈ اسٹیشن کا افتتاح اگلے ہفتے کیا جائے گا جس کی وجہ سے اس علاقہ میں بجلی کے وولٹیج کی کمی کے خاتمہ میں مدد ملے گی اور لوگوں کا دیرینہ مطالبہ بھی پورا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں نئی ورکشاب بنائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ٹرانسفارمرز کی مرمت بر وقت ہونے سے لوگوں کو بجلی کی فراہمی بلا روک ٹوک جاری رہے گی ا۔ انہوں نے کہا کہ میں محکمہ میں کالی بھیڑوں کو برداشت نہیں کر سکتا ۔ان چند لوگوں کی وجہ سے پورا محکمہ بدنا م ہو رہا ہے۔