خبرنامہ پاکستان

کشمیرتقسیم برصغیرکا نامکمل ایجنڈا ہے: ماروی میمن

اسلام آباد :(اے پی پی) وزیر مملکت و چئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہا ہے کہ کشمیر تقسیم برصغیرکا نامکمل ایجنڈا ہے اور اس کا حل خطہ میں امن اور استحکام کیلئے بہت اہم ہے، اقوام متحدہ کو کشمیر کے مسئلہ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ صرف پاک بھارت تنازعہ نہیں بلکہ اس کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی خیرسگالی اور وقار پر ایک سوالیہ نشان بھی ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر موجودہ حکومت کا مؤقف بالکل واضح ہے، پاکستان لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب معصوم اور مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں کھڑا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہٹیاں بالا اور چکوٹھی میں خواتین کی جانب سے نکالی گئی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔ خواتین بھارت کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئیں ، ان ریلیوں کی قیادت چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کی۔ ماروی میمن نے وفاقی حکومت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری عوام کے ساتھ یوم سیاہ منا کر یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں مظفر آباد، دومیل، کھن بندوے، ہٹیاں بالا اور چکوٹھی ایل او سی سمیت دیگر مقامات پر منعقد یوم سیاہ کی تقریبات میں کشمیر ی عوام، مقامی سیاستدانوں، بی آئی ایس پی مستحقین اور حکام کے ساتھ شرکت کی۔ وزیر تعلیم ایم ایل اے بیرسٹر افتخار گیلانی نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے ساتھ یوم سیاہ کی تقریبات کے دوران شرکت کی۔ مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کے دوران چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کے حق کیلئے اپنی آواز بلند کررہا ہے، پاکستان کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو دہشت گردی کا نام دے کر دنیا کو گمراہ کررہا ہے۔ تحریک آزادی اور دہشت گردی کے درمیان ایک واضح فرق ہے اور دنیا کو یہ فرق سمجھنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردانہ سرگرمیوں کو روکنے کی آڑ میں ، بھارت معصوم کشمیریوں کو گرفتارکر کے، انہیں زخمی اور قتل کر کے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کر رہا ہے۔ وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ وہ کشمیر ی عوام کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہیں جو پاکستان کا یوم آزادی منانے کیلئے کرفیو کی پروا کئے بغیر سڑکوں پر نکل آئے۔