خبرنامہ پاکستان

کشمیرکی آزادی تک پاکستان نامکمل رہے گا: سراج الحق

مظفرآباد: (آئی این پی) امیر جماعت اسلامی سران الحق کا کہنا ہے کشمیر کی آزادی تک پاکستان نامکمل رہے گا ، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہا ہے ، آزادی کشمیر کی تحریک آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے ۔ بھارت کی یوم آزادی کے موقع پر آزاد کشمیر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے ، اسی سلسلے میں جماعت اسلامی کی جانب سے مظفر آباد سے چکوٹھی تک آزادی مارچ کا انعقاد کیا گیا ۔ مارچ سے پہلے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ آزادی کی تحریک کو مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے خون سے روشن کیا ۔ کشمیری غاصب بھارت سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان نامکمل رہے گا ۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ مودی کو ساری دنیا میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے قاتل کے طور پر جانا جاتا ہے ۔ پاکستان میں بھارتی مداخلت اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کو دنیا کے سامنے لانا چاہیے ۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزادی کشمیر کی تحریک آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے ۔ بھارت جتنا ظلم ڈھائے کشمیری عوام آزادی حاصل کر کے رہیں گے ۔ راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہا ہے ۔ کشمیر کی آزادی کے لیے مستحکم پاکستان ضروری ہے ۔