خبرنامہ پاکستان

کشمیر اقوام متحدہ اور برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے: وزیراعظم

اسلام آباد ۔ 15 اگست (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہر فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر اقوام متحدہ اور برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے پرامن تصفیہ کا پختہ عزم رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بات آزاد کشمیر کیلئے مسلم لیگ (ن) کے صدارتی امیدوار مسعود خان سے پیر کو ایوان وزیراعظم میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے مختلف سفارتی عہدوں بالخصوص اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے کشمیر کاز کو اجاگر کرنے میں مسعود خان کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ اور نہتے عوام پر بھارتی ریاستی جبر و استبداد کی مذمت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اپنے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد نسل در نسل نئے جوش و جذبہ کے ساتھ تقویت پا رہی ہے۔ مسعود خان نے صدر آزاد کشمیر کے عہدہ کیلئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حیثیت سے اپنی نامزدگی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام اور مقبوضہ کشمیر کی منصفانہ جدوجہد آزادی کو اجاگر کرنے میں مدد کریں گے۔