خبرنامہ پاکستان

کلبھوشن کے جاسوس ہونے سے متعلق خبر بھارتی نیوز ویب سائٹ نے ہٹالی

کلبھوشن کے جاسوس ہونے سے متعلق خبر بھارتی نیوز ویب سائٹ نے ہٹالی

بھارت:(ملت آن لائن)ایک بھارتی نیوز ویب سائٹ نے اپنی خبر میں اعتراف کیا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں ‘را’ کے ایجنٹ اور جاسوس کے طور پر کام کرتا رہا تاہم اپنے اناڑی پن کی وجہ سے پکڑا گیا، لیکن بعدازاں اس خبر کو ہٹا لیا گیا۔ بھارتی نیوز ویب سائٹ ‘دی کوئنٹ’ (The Quint) کی خبر میں اعتراف کیا گیا تھا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں ‘را’ کے ایجنٹ اور جاسوس کے طور پر کام کرتا رہا، تاہم کلبھوشن کو بطور جاسوس پاکستان میں تعینات کرنے پر ‘را’ کے 2 اعلیٰ افسران کو تحفظات تھے۔ دی کوئنٹ پر مذکورہ خبر کو کھولنے پر سامنے آنے والا پیغام—۔اسکرین شاٹ ، رپورٹ کے مطابق مذکورہ افسران کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی کی اہلیت نہیں رکھتا تھا۔ رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ کلبھوشن اپنے اناڑی پن کی وجہ سے پکڑا گیا تھا۔ تاہم بعدازاں مذکورہ خبر کو ہٹا دیا گیا، دوسری جانب رپورٹس ہیں کہ خبر دینے والا بھارتی صحافی بھی لاپتہ ہوگیا ہے۔ ‘دی کوئنٹ’ کی ویب سائٹ پر جب مذکورہ خبر بعنوان ‘را کے 2 سابق افسران کلبھوشن کی بطور جاسوس تعیناتی کے خلاف تھے’ (Two Ex-RAW Chiefs Did Not Want Kulbhushan Jadhav Recruited As Spy) کے لنک پر کلک کیا جائے تو یہ پیغام سامنے آتا ہے کہ ‘دی کوئنٹ اس مضمون میں دی گئی معلومات کی جانچ پڑتال کر رہا ہے’۔ مذکورہ خبر کو ہٹائے جانے پر پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ‘سچ افسانے سے کہیں زیادہ عجیب نکلا’۔ ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ کلبھوشن کے جاسوس ہونے سے متعلق خبر شائع کرنے پر بھارتی صحافی بھی غائب ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ بھارت میں آزادی رائے ہے؟ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صحافی چندن نندے کا اپنے دوست و احباب سے بھی کوئی رابطہ نہیں۔ مذکورہ خبر دینے والے صحافی چندن نندے، دی کوئنٹ کے اوپیینئن ایڈیٹر ہیں، جنہوں نے خبر شائع ہونے پر اس کا لنک اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا تھا۔