خبرنامہ پاکستان

کوئٹہ کے سول اسپتال میں خود کش حملہ آورکا تعلق پشین سے تھا، چوہدری نثار

اسلام آباد: (آئی این پی) وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کے ذمہ داران کے کچھ سراغ ملے ہیں اور پیش رفت کے بعد کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں تاہم ابھی کوئی اعلان نہیں کر سکتا۔ قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر جواب دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والی انگلیوں کے نشانات کی تصدیق اسی دن ہو گئی تھی ، انگلیاں پشین کے رہائشی کی تھیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جائے حادثہ سے جو سر کا ایک حصہ ملا وہ اتنا مسخ تھا کہ ڈی این اے نہیں ہو سکتا تھا ۔ ا س کے علاوہ جائے وقوعہ سے ملنے والے تصوریروں سے بھی ملزم کی شناخت نہیں ہو سکی تاہم روزانہ کی بنیاد پر معاملے کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اگے بڑھ رہے ہیں ۔ چودھری نثار نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسوں کی بدولت کافی پیش رفت ہو گی ۔ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جلد تمام وزرائے اعلیٰ کو بلایا جائے گا ۔ نیشنل ایکشن پلان کے 20نکات میں سے 9صوبوں سے متعلق ہیں ،نیشنل ایکشن پلان پر بننے والی کمیٹی انتظامی ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکی شہری میتھیو کو چوبیس گھنٹے کے اندر ویزا جاری کرنے کی تحقیقات جاری ہیں،میتھیو کے معاملے پر جے ائی ٹی تشکیل دیدی ہے ،سکیورٹی اداروں نے میتھیو کو ممنوعہ علاقے میں گھومتے ہوئے گرفتار کیا ۔ محمود اچکزئی نے وزیر داخلہ کے بیان پر وضاحت کیلئے کل وقت مانگ لیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار نے میری عدم موجودگی میں بات کی ۔