نیویارک:(ملت آن لائن) امریکا میں موبائل کمپنی نے ایک شہری کو ایسا پیغام بھیج دیا کہ اسے دل کا دورہ پڑ گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شہری کا تعلق امریکی ریاست ہوائی سے تھا جسے کمپنی نے ایمرجنسی الرٹ بھیجا کہ اس کی موجودگی کی جگہ پر بیلسٹک میزائل حملہ ہونے والا ہے۔
مذکورہ میسج میں درج تھا کہ ہوائی میں بیلسٹک میزائل حملے کا خطرہ ہے فوری طور پر کوئی شیلٹر تلاش کریں یہ کوئی جنگی مشق نہیں ہے، میسج پڑھنا تھا کہ جیمز سین شیلڈر نامی شخص اس قدر خوف زدہ ہوا کہ اسے دل کا دورہ پڑا اور وہ اسپتال جا پہنچا۔
جیمز نے صحت یاب ہونے کے بعد اس موبائل کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کمپنی کے اس پیغام سے مجھے مالی نقصان کے ساتھ جان کا خطرے سے دوچار ہونا پڑا، چنانچہ کمپنی کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ جیمز سین کو یہ پیغام 13 جنوری کو موصول ہوا تھا اور اس دوران امریکا اور شمالی کوریا کے مابین کشیدگی عروج پر تھی۔
شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ان اکثر امریکا کو دھمکیاں دیتے رہتے تھے جس کی وجہ سے امریکی عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا تھا۔