فلوریڈا: امریکا میں آنے والا سمندری طوفان ’مائیکل‘ کی وجہ سے امریکی جوڑے نے اپنی شادی منسوخ نہیں کی بلکہ ائیرپورٹ پر رسم رکھ کر ازدواجی بندھن میں بندھ گئے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں آنے والے سمندری طوفان نے شدید تباہی مچا رکھی ہے جس کے باعث نظام زندگی بری طرح سے مفلوج ہوا مگرمقامی جوڑے نے اس کی پرواہ نہیں کی اور ایک نئی تاریخ رقم کرڈالی۔
فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی لوری اور جم بیری نے اپنی رسم کی تاریخ پہلے ہی مقرر کردی تھی طوفان کی پیش گوئی کے بعد انہیں خدشہ تھاکہ ’مائیکل‘ اُن کی تقریب کو متاثر کرسکتا ہے، محبت کی شادی کرنے والے جوڑے نے اپنی شادی کو یادگار بنانے کے لیے طوفان سے ٹکر لی اور ائیرپورٹ کے محفوظ مقام پر ازدواجی بندھن میں بندھ گئے۔
امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے نوبیاہتا جوڑے کا کہنا تھا کہ انہوں نے شادی کے لیے 10 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی، طوفان نے سارے پروگرام کو خراب کیا مگر ہم دونوں نے اپنے عزم پر قائم رہتے ہوئے اُسی روز شادی کا فیصلہ کیا جبکہ ہمارے دماغ میں کوئی بھی محفوظ مقام نہیں تھا۔
لوری کا کہنا تھا کہ 10 اکتوبر کو ہی شادی کرنے کی ایک اہم وجہ یہ تھی کہ اسی روز ہماری دوستی ہوئی جسے اب 10 سال اور 10 مہینے گزر چکے۔
دلہن کا کہنا تھا کہ اُس نے کورٹ ، چرچ سب جگہ پر معلوم کیا کہ ہماری شادی آج کے دن ممکن ہے مگر ہنگامی حالات کی وجہ سے تمام مقامات کو بند کیا گیا تھا اسی دوران ٹی وی پر دیکھا کہ ایک صحافی ائیرپورٹ پر کھڑے ہوکر رپورٹ کررہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’میں نے فوراً جیری کو فون کر کے بتایا کہ فلوریڈا ائیرپورٹ پر ہم شادی کرسکتے ہیں، جس کے بعد ہم نے پلان کیا اور گھر سے شادی کا جوڑا پہن کر نکلے‘۔
لوری کا کہنا تھاکہ ’ائیرپورٹ انتظامیہ ہمیں دیکھ کر مسافر سمجھی اور بتایا کہ موسم کی خرابی کے باعث پروازیں منسوخ ہیں پھر ہم نے وہاں پر وکیل کو بلایا اور رسم کی‘۔
انوکھی شادی میں ائیرپورٹ پر موجود اسٹاف نے شرکت کی اور اسے یادگار بنایا۔ دلہن کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہمارے اپنے اہل خانہ شرکت نہیں کر سکے مگر غیر لوگوں نے اس کی کمی کو محسوس نہیں ہونے دیا۔