خبرنامہ

آئندہ حکومت کا تختہ الٹنے یا فوجی انقلاب برپا کرنے کے تمام دروازے بند کردیے گئے ہیں،ترک وزیراعظم

انقرہ (ملت + آئی این پی) ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ ترکی میں آئندہ کبھی بھی فوجی انقلاب برپا ہونے یا فوج کے سول حکومت کے معاملات میں دخل اندازی کرنے کے کوئی امکانات باقی نہیں رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ بات انھوں نے 15 جولائی بغاوت کی ناکام کوشش- گلوبل شطرنج ” کے زیر عنوان بین الاقوامی ڈیموکریسی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے دہشت گرد تنظیم فیتو کے 15 جولائی کی ناکام بغاوت کی کوشش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب 15 جولائی کا دن کیلنڈر میں عام دن کے طور پر نہیں بلکہ جمہوری شہدا کی یاد کے دن کے طور پر منایا جایا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے 16 جولائی کو اندھیرے سے روشنی میں آنکھیں کھولی ہیں بالکل اسی طرح اب ہم 16 اپریل کو ملک کو ایک طاقتور جمہوری ملک بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 15 جولائی کو جس طرح ترک عوام نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے ہوئے جمہورت کو مضبوط بنایا ہے اس سے پوری دنیا پر یہ ثاب کردیا گیا ہے کہ ترک عوام جمہوریت کے لیے اپنی جانوں کی بھی پرواہ نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترک عوام کو اس سے قبل کبھی بھی اتنے بڑے پیمانے پر غدارانہ کاروائیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔ یہ ترک عوام کے خلاف کیا جانے والا سفاکانہ حملہ تھا جسے ترک عوام نے خود ہی ناکام بنادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس رات غداروں کو منہ کی کھانی پڑی جبکہ فتح عوام کو نصیب ہوئی اور اب سولہ اپریل کو بھی جمہوریت کے خلاف کام کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔