خبرنامہ

آئی ایم ایف کے مطالبے پر مصری کرنسی کی قدر میں 48 فیصد کمی

قاہرہ (ملت + اے پی پی) مصر نے اپنی کرنسی کی قدر میں 48 فیصد کمی کردی ہے۔اس نے یہ اقدام عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبے پر کیا ہے تاکہ اس سے آیندہ تین سال کے دوران ملک کی بیمار معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے بارہ ارب ڈالرز کا قرضہ حاصل کیا جا سکے۔کرنسی کی قدر میں کمی کے بعد اب ایک ڈالر تیرہ مصری پاؤنڈ کا ہوگیا ہے۔اس سے پہلے سرکاری مارکیٹ میں ایک ڈالر کی قیمت قریباً نو پاؤنڈ تھی۔البتہ گذشتہ ہفتے بلیک مارکیٹ میں ایک ڈالر اٹھارہ مصری پاؤنڈ تک بکتا رہا ہے۔مصری پاؤنڈ کی قیمت میں کمی کے بعد اب روزمرہ استعمال کی اشیاکی قیمتوں میں اضافہ ہوجائے گا اور اس سے صدر عبدالفتاح السیسی کی حکومت پر دباؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔مصر کے لیے آئی ایم ایف کے مشن چیف کرس جارویس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم مصر کے مرکزی بنک کی جانب سے غیرملکی زرمبادلہ کے نظام کو آزاد بنانے اور لچک دار شرح تبادلہ کو اختیار کرنے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔اس سے زیادہ مقدار میں غیرملکی کرنسی دستیاب ہوگی اور مصر میں بیرونی مسابقت کے علاوہ برآمدات ،سیاحت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔