خبرنامہ

ابوبکر البغدادی کے گھر پر بمباری ،13رہنماؤں سمیت 77 دہشت گرد ہلاک

بغداد (ملت + آئی این پی) عراق میں سرکاری فضائیہ کی داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے گھر پر بمباری اور مغربی علاقوں میں فضائی کاروائیوں کے دوران داعش کے 13رہنماؤں سمیت 77دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق عراقی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی کے مغربی علاقے میں ایف 16 طیاروں نے کارروائی کے دوران البغدادی کے گھر سمیت داعش کے 3 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں داعش کے 13 کمانڈر ہلاک ہوئے، عراقی فوج کے مطابق فضائی حملہ اس وقت کیا گیا جب داعش کا سربراہ البغدادی کمانڈروں کے ساتھ اپنے گھر میں اجلاس میں شریک تھا تاہم ابھی تک البغدادی کی ہلاکت یا زخمی ہونیکی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ بیان میں 13 کمانڈروں کے نام دیے گئے ہیں، جن کے لیے بتایا جاتا ہے کہ وہ فضائی کارروائی کے دوران ہلاک ہوئے۔ تاہم، فہرست میں بغدادی کا نام شامل نہیں ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی حملوں کے دوران مغربی عراق میں داعش کے 3 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں 64 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔فوج نے بتایا ہے کہ گذشتہ ہفتے شام میں رقہ کے مقام سے قافلے کی صورت میں، بغدادی القائم کے علاقے کی جانب منتقل ہوا، جو عراقی سرحد کے پاس کا علاقہ ہے، تاکہ کمانڈروں کے ساتھ موصل میں زچ ہونے کے اسباب پر بات کر سکے اور ان کا متبادل تجویز کیا جائے۔