خبرنامہ

اسرائیلی فوج نے مزید 2فلسطینی ارکان اسمبلی کوحراست میں لے لیا

مقبوضہ بیت المقدس (ملت + آئی این پی) اسرائیلی فوج نے مزید 2فلسطینی ارکان اسمبلی کوحراست میں لے لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق صہیونی فوج نے بیت اللحم،غرب اردن،مقبوضہ بیت المقدس میں گھروں میں گھس کر پکڑدھکڑکی ،خواتین بچوں پرتشدد کیا ،رملہ میں مظاہرین پرفائرنگ کردی جس سے متعدد زخمی ہوگئے ۔اسرائیلی فوجیوں نے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شہر بیت اللحم میں واقع فلسطینی آئینی اسمبلی کے دو ممبران کو حراست میں لے لیا ہے ۔حماس سے منسلک تبدیلی و اصلاح بلاک کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے صبح سویرے بیت اللحم میں دو فلسطینی ارکان اسمبلی خالد تافش اور انور الزنون کے گھروں پر چھاپے مارے ۔اسرائیلی حکام کی طرف سے تاحال اس کارروائی کے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ان تازہ واقعات کے ساتھ اسرائیل کی طرف سے حراست میں رکھے جانے والے فلسطینی اسمبلی ممبران کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید 10فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے کر ٹارچر سیلوں میں ڈال دیا گیا ۔