خبرنامہ

اسرائیلی پولیس کا 20 رکنی فلسطینی سیل گرفتار کرنے کا دعویٰ

مقبوضہ بیت المقدس:(ملت+آئی این پی)اسرائیلی پولیس نے حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں 20 رکنی فلسطینی سیل گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے داخلی سلامتی کے اداریشاباک کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ پولیس نے صہیونی فوجیوں اور تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں 20 فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ حراست میں لیے گئے تمام فلسطینیوں کا تعلق مزاحمتی تنظیم حماس کے ساتھ بتایا جاتا ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے چار فلسطینیوں نے مقبوضہ بیت المقدس، حیفا شہر اور دیگر مقامات پر بسوں کے اڈوں پرفدائی حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔صہیونی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی ایک فیکٹری کا پتا چلایا ہے۔