خبرنامہ

افغانستان: سکیورٹی فورسز کے آپریشن، 36ہلاک، متعدد زخمی

کابل (ملت + آئی این پی) افغانستان میں ملکی اور غیر ملکی سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کے جنگجوؤں سمیت 36شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کے 5ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا،ادھر افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے طالبان رہنماؤں کو وطن واپس آکر باوقار انداز میں زندگی شروع کرنے کی دعوت دیدی۔منگل کو افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کے 16جنگجو ہلاک ہوگئے ۔صوبائی پولیس کمانڈنٹ نے ایک بیان میں کہاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز کی جانب سے ضلع ہیسکا مینا اور کوٹ میں کاروائی کی گئی ۔آپریشن نیشنل ڈیفنس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر کیا جس میں انھیں قریبی فضائی مدد بھی حاصل تھی ۔آپریشن کے دوران داعش کے 2جنگجو زخمی بھی ہوئے جبکہ دہشتگردوں کی5پناہ گاہوں کو تباہ کردیا گیا ۔سیکورٹی فورسز نے9دہشتگردوں کو گرفتار بھی کرلیا۔ادھر صوبہ ارزگان میں افغان اور غیر ملکی فورسز کی مشترکہ فضائی کاروائی کے دوران 20دہشتگرد مارے گئے ۔صوبائی گورنر کے ترجمان محمد نایاب نے فضائی کاروائی کیتصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کاروائی ترینکوٹ میں کی گئی ۔نایاب نے مزید بتایاکہ علاقے میں فضائی کاروائی گزشتہ کئی روز سے جاری ہے جس میں 43شدت پسند ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔ادھر اقوام متحدہ میں افغانستان کے نائب مستقل نمائندے نظیف اللہ سلارزئی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں جاری تشددکا رجحان مقامی نہیں ہے بلکہ اس کی جڑیں ملک سے باہر کسی اور جگہ ہیں۔ بین الاقومی دہشتگردی کے خلا ف جنگ ایک دوراہے پر کھڑی ہے ۔دوسری جانب افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے ایک بار پھر طالبان رہنماؤں کو وطن واپس آکر باوقار انداز میں رہنے کی دعوت دیدی۔سوویت فورسز کے انخلاء کی 28ویں برسی کے موقع پر ایک اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے صدر اشرف غنی نے کہاکہ طالبان گروپ کے ایسے ممبر جو آزاد اور افغان مائنڈ سیٹ رکھتے ہیں کو وطن واپس آکر ایک باوقار زندگی شروع کرنی چاہیے۔گلبدین حکمت یار کی قیادت میں حزب اسلامی کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط نے مجاہدین کی وطن واپسی کی راہ ہموار کی ہے ۔افغانوں نے ماضی میں ملک کی آزادی کیلئے جہاد کیا لیکن موجودہ جہاد ملک کی بحالی اور تعمیر ونو کیلئے ہے ۔