خبرنامہ

افغانستان: مسجد میں دھماکا، 8 افراد جاں بحق

افغان صوبے پکتیا میں نماز جمعہ کے موقع پر مسجد میں دھماکے سے 8 افراد کے جاں بحق جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق پکتیا پولیس کا کہنا تھا کہ گردیز شہر میں نماز جمعہ کے موقع پر مسجد کے اندر دھماکا ہوا۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے تاہم دھماکے کی نوعیت سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا اس وقت ہوا، جب مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی جارہی تھی۔

دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوع سے شواہد اکھٹا کرنا شروع کردیے تاہم ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ افغانستان کافی عرصے سے بدامنی کا شکار ہے اور آئے روز افغان دارالحکومت سمیت مختلف صوبوں میں بم دھماکے اور حملے کیے جاتے ہیں جن میں غیر ملکی افواج سمیت مقامی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس سے قبل 31 جولائی کو مشرقی افغانستان میں سرکاری کمپاؤنڈ میں دھماکے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ملک کے مغربی حصے میں سڑک کنارے دھماکے سے 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

22 جولائی کو افغانستان کے دارالحکومت کابل انٹرنیشنل ائر پورٹ کے دروازے کے قریب ہونے والے دھماکے سے کم از کم 14 افراد جاں بحق اور 60 افراد زخمی ہوگئے تھے۔