خبرنامہ

افغانستان میں داعش کے خلاف کامیاب کاروائیاں

کابل/واشنگٹن (ملت + آئی این پی) امریکہ نے کہا ہے کہ افغان سلامتی افواج نے جنھیں امریکی فضائی مدد حاصل ہے گذشتہ سال افغانستان میں داعش کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں جن کے نتیجے میں شدت پسندوں کی تعداد کم ہو کر تقریبا 700 رہ گئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی فوجی ترجمان، برگیڈیئر جنرل چارلس کلولینڈ نے یہ تازہ تجزیہ کابل میں پریس کانفرنس میں پیش کیا۔انھوں نے مشرق وسطی میں جڑیں رکھنے والے اس دہشت گرد گروپ کے خلاف کامیابی پر افغان ساتھیوں کو سراہا۔کلیولینڈ نے کہا ہے کہ ایک سال قبل خاص طور پر مشرقی صوبہ ننگرہار میں، جس کی سرحدیں پاکستان کے ساتھ ملتی ہیں، داعش کے 2000 سے 3000 کے لگ بھگ ارکان تھے۔ترجمان نے مزید کہا کہ وہ علاقے کے تقریبا 11 اضلاع پر قابض تھے، جو جنوبی ننگرہار کے عوام کے لیے ہر قسم کی تکالیف اور دبا کا باعث بنے ہوئے تھے۔کلیولینڈ کے الفاظ میں ہم سمجھتے ہیں کہ اِن کارروائیوں کے بعد اب شاید داعش کے تقریبا 700 ارکان باقی رہ گئے ہیں، جو اب بھی جنوبی ننگرہار کے تین سے کم اضلاع تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔