خبرنامہ

افغان فضائیہ کی کاروائی میں داعش کے 33شدت پسند ہلاک

کابل (ملت + آئی این پی) افغان فضائیہ کی کاروائی میں داعش کے 33شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ مقامی پولیس کمانڈر نے فائرنگ کرکے3شہریوں کو ہلاک اور4کو زخمی کردیا،ادھر افغان وزارت دفاع نے کابل کے ملٹری ہسپتال پر حملے کے شبے میں 23مشتبہ افراد کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔پیر کو افغان میڈیاکے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں افغان فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں داعش کے 33شدت پسند ہلاک ہوگئے ۔وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ فضائی کاروائی ضلع کوٹ میں گزشتہ رات کی گئی جس میں 33جنگجو مارے گئے ۔دریں اثناء افغان سیکورٹی فورسز نے ضلع باٹی کوٹ کے علاقے گاڈی میں آپریشن کیا ہے جس میں 3طالبان ہلاک ہوگئے جبکہ انکا اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔ادھر شمالی صوبہ تخار میں مقامی پولیس کمانڈر نے فائرنگ کرکے3شہریوں کو ہلاک اور4کو زخمی کردیا۔صوبائی پولیس کے ترجمان خلیل اسیر کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی پولیس کمانڈر پیر سید مقدر نے پریشانی کے عالم میں اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3شہری ہلاک اور4دیگر زخمی ہوگئے ۔دوسری جانب افغان سیکورٹی فورسز نے کابل کے ملٹری ہسپتال پر حملے کے شبے میں 23مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا۔وزارت دفاع کے عبداللہ حبیبی نے ایوان زیریں میں بریفنگ دیتے ہوئے اس بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔حبیبی نے مزید بتایاکہ ڈیوٹی پر موجود انٹیلی جنس سازوں نے غفلت برتی ۔انھوں نے بتایاکہ گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے ۔