خبرنامہ

اقوام متحدہ شام میں فوری جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرے،خلیج تعاون کونسل

ریاض ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی) خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے وزرائے خارجہ اور ترک وزیر خارجہ مولود شاوس اوگلو نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر شامی شہریوں پر حملے رکوانے کے لیے مداخلت کرے۔ انھوں نے شامی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے حلب پر حملوں میں اضافے کی مذمت کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی اور جی سی سی کے وزرائے خارجہ نے سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک مشترکہ اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا ہے۔اس میں شامی شہریوں پر بمباری کی شدید مذمت کی گئی ہے۔انھوں نے اجلاس میں علاقائی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خلیجی ممالک اور ترکی عراق کے اتحاد اور اس کی علاقائی خود مختاری کے حامی ہیں۔