امریکا میں تیز رفتار کار عمارت کی بالائی منزل میں جاگھسی
سان فرانسسکو:(ملت آن لائن) یہ منظر دیکھنے میں کسی ہالی ووڈ فلم کا لگتا ہے تاہم یہ فلمایا گیا منظر نہیں بلکہ امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پیش آنے والا حقیقی واقعہ ہے جہاں تیز رفتار کار عمارت کی بالائی منزل میں جاگھسی۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ شمالی کیلی فورنیا کے علاقے سانتا اینا میں اتوار کو پیش آیا۔ مقامی فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ انہیں صبح ساڑھے 5 بجے اس حادثے سے متعلق فون کال موصول ہوئی جب وہ پہنچے تو کار کو دومنزلہ عمارت کی اوپری منزل میں واقع ایک ڈینٹل کلینک میں گھسا ہوا پایا جو آدھی باہر لٹکی ہوئی تھی اور آدھی کلینک کے اندر تھی۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تیز رفتار کار دو رویہ سڑک کے درمیان بنی ہوئی بیلٹ سے ٹکرا کر ہوائی میں اڑتی ہوئی عمارت کی بالائی منزل سے ٹکرائی اور دیوار توڑ کر وہیں پھنس گئی، کار میں دو افراد سوار تھے جو معمولی زخمی ہوئے وہ ایک گھنٹے تک وہیں پھنسے رہے جنہیں امدادی کارکنوں نے آکر باہر نکالا فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حادثے کے باعث کار میں معمولی آگ لگی جسے بجھا دیا گیا بعدازاں کرین کی مدد سے کار کو نیچے اتار دیا گیا۔