امریکا میں ڈرون کے ذریعے منشیات فروخت کرنے والا جوڑا گرفتار
کیلی فورنیا:(ملت آن لائن) امریکی پولیس نے ایک ایسے جوڑے کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے بہت چالاکی سے ڈرون کے ذریعے اپنے گاہکوں کو منشیات بھیجنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ 39 سالہ پال بیلڈاسر اور 31 سالہ ایشلے لورین کارول پر تین مرتبہ ممنوعہ نشہ آور اشیا فروخت کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ منشیات رکھنے اور بچوں کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ ریورسائیڈ پولیس ڈپارٹمنٹ کے مطابق یہ جوڑا ڈرون کے ذریعے منشیات سپلائی کرتا ہے۔ پولیس نے بیان دیا ہے کہ ملزمان کے گھر کے پچھلے باغ (بیک یارڈ) سے ڈرون اڑتا ہے اور قریبی پارک میں منشیات کی پڑیاں گراتا ہے جہاں پہلے سے موجود منتظر گاہک انہیں اچک لیتے ہیں۔ پولیس نے نوٹ کیا ہے کہ ایک مخصوص وقت میں ڈرون ان کے گھر سے پرواز کرتا ہے اور تھوڑی دیر میں ایک پارک تک جاکر واپس آجاتا ہے اس شک کے بعد اس جوڑے کو گرفتار کیا گیا‘۔ پولیس نے چھاپہ مارنے کے بعد کہا ہے کہ ان کے گھر سے میتھم فیٹامین (میتھ)، ایل ایس ڈی اور کھلا ہوا بہت سا پاؤڈر ملا ہے جس کی شناخت فینٹنائل کے طور پر ہوئی ہے یہ تمام مواد نشہ آور اور ممنوعہ منشیات میں استعمال ہوتا ہے۔