خبرنامہ

امریکا کی سیاسی اور فوجی طاقت کا زوال شروع ہو گیا ،ایران

تہران: (ملت+اے پی پی) ایران کے رہبر انقلاب کے فوجی امور میں مشیراعلی جنرل یحی رحیم صفوی نے کہا ہے کہ امریکا کی سیاسی اور فوجی طاقت کا زوال شروع ہو گیا ہے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی ایران میں شہیدوں کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل یحی رحیم صفوی کا کہنا تھا کہ امریکا کے فوجی اور سیاسی حکام اب اس قابل نہیں رہے کہ وہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے بارے میں کوئی فیصلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب کی ہدایات اور مسلح افواج کی استقامت کی بدولت آج ایران کی سرحدیں اور داخلی سلامتی پوری طرح محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے شہیدوں نے دنیا کے ڈیڑھ ارب سے زیادہ مسلمانوں کو ظلم کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا درس دیا ہے۔