خبرنامہ

امریکی جنگی طیاروں اور ڈرون کو ایران کی مسلح افواج کا انتباہ

تہران : (ملت+اے پی پی) گزشتہ تین روز کے دوران ایران کی مسلح افواج نے امریکی جنگی جہازوں اور ڈرون طیاروں کو بارہ مرتبہ خبردار کرتے ہوئے مشقوں والے علاقے سے دور رہنے کا حکم دیا ہے۔ایران ٹی وی کے مطابق آسمان ولایت سات فوجی مشقوں کے ترجمان بریگیڈیئر عباس فرج پور نے بتایا ہے کہ غیر ملکی جنگی جہاز اور ڈرون طیارے فوجی مشقوں کی معلومات جمع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم انہیں مشقوں والے علاقے سے دور رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے تین روز کے دوران متعدد امریکی جنگی اور ڈرون طیاروں کو ایران کی فوجی مشقوں والے علاقے کے قریب آنے پر سخت انتباہ بھی دیا گیا ہے۔ایرانی مسلح افواج کی آسمان ولایت سات مشترکہ فوجی مشقیں پیر سے جنوبی ، جنوب مغربی اور جنوب مشرقی ایران کے وسیع علاقے میں جاری ہیں۔فضائی دفاع کے ایک ہزار مقامات پر انجام پانے والی ان فوجی مشقوں میں سپاہ پاسداران اور فوج کی بری، بحری اور فضائی یونٹوں کے علاوہ عوامی رضاکار فورس بسیج کے سترہ ہزار جوان حصہ لے رہے ہیں۔