خبرنامہ

امریکی صدارتی انتخابات سے ایران امریکا تعلقات کی نوعیت پر فرق نہیں پڑے گا،ایران

تہران ۔ 08 نومبر (ملت + اے پی پی) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ امریکا میں صدارتی انتخابات سے ایران امریکا تعلقات کی نوعیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہیں امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتیجے میں ایران کے حوالے سے کسی خاص تبدیلی کی توقع نہیں ہے۔ بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ امریکی عوام کس کو اپنا صدر منتخب کرتے ہیں تاہم میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ امریکی اقتدار میں آنے والی کوئی بھی حکومت ایران کے ساتھ ہونے والے جامع ایٹمی معاہدے کی پابند ہوگی اور اسے سبوتاژ نہیں کرسکتی۔ ایک سوال کے جواب میں ایران کی وزارات خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ میں روکے گئے اثاثوں سے متعلق کیس کی پیروی کی جارہی ہے۔بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ یہ کیس اپنا منطقی راستہ طے کررہا ہے اور دنیا بھر کی عدالتوں اور خاص طور سے عالمی عدالت انصاف میں کسی بھی کیس کی سماعت میں بہر حال کافی وقت درکار ہوتا ہے۔