خبرنامہ

امریکی فوج کا موصل میں داعش کے خلاف جدید ترین ڈرون استعمال کرنے کا دعویٰ

بغداد (ملت آن لائن + آئی این پی) امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ عراق کے شہر موصل میں دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف جاری لڑائی میں بغیر پائلٹ کے جدید ترین ڈرون طیاروں کا استعمال کررہی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کاکہنا ہے کہ وہ عراق کے شہر موصل میں دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف جاری لڑائی میں بغیر پائلٹ کے جدید ترین ڈرون طیاروں کا استعمال کررہی ہے۔ دی گرے ایگل کے نام سے مشہور امریکی ڈرون کومختلف مہمات میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس ڈرون کو فضا سے زمین پر داغے جانے والے چار میزائلوں اور چار بموں سے مسلح کیا جاسکتا ہے۔گرے ایگل کی قیمت اکیس ملین ڈالر ہے۔ یہ ڈرون خود کار طریقے سے ٹیک آف اور لینڈ کرنے اور انسانی معاونت کے بغیر خود ہی آپریشنل مہمات انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔فی گھنٹہ 280 کلو میٹر کی رفتار سے سفر کرنے والا یہ ڈرون طیارہ 30 گھنٹے تک مسلسل فضا میں رہ سکتا ہے۔