خبرنامہ

امریکی فوج کے یمن میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر 20 حملے،متعدد جنگجو ہلاک اور زخمی

واشنگٹن/صنعاء (ملت آن لائن + آئی این پی) امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ ایام کے دوران امریکی فوج نے یمن کے مختلف علاقوں میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر 20 حملے کیے گئے جن میں شدت پسند تنظیم کے متعدد جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان کیپٹن جیف ڈیویز نے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ ہفتے کی تعطیلات کے دوران یمن میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر بیس حملے کیے گئے جس میں دشمن گروپ کو بھاری جانی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے اس بمباری کی مزید تفصیلات نہیں باتائیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ یمن میں القاعدہ کے مراکز پر تازہ بمباری دہشت گردی کے خلاف جنگ کو مزید سخت کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے۔ خیال رہے کہ 28 فروری کے بعد امریکی فوج نے یمن میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر حملوں میں اضافہ کردیا تھا۔ گذشتہ ایک ماہ کے دوران یمن میں امریکی فوج کے 70 فضائی حملے کیے جا چکے ہیں۔امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یمن اس وقت جزیر العرب میں سرگرم القاعدہ کا بیس کیمپ ہے۔ یہ تنظیم یمن میں رہ کر امریکا کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں کیپٹن ڈیوس نے کہا کہ یمن میں امریکی عسکری ماہرین موجود ہیں مگر وہ لڑائی میں شامل نہیں ہیں۔