خبرنامہ

امیر بننے کے طریقے

امیر بننے کے طریقے

امیر بننے کے طریقے

لاہور: (ملت آن لائن) امیر بننا اور پُرآسائش زندگی گزارنا کس کی خواہش نہیں، شاہانہ لائف سٹائل اور دنیا کی تمام نعمتوں سے فیض یاب ہونا ایک خواب ہوتا ہے لیکن یاد رہے کہ یہ تمام چیزیں صرف اور صرف آپ اپنے آپ پر یقین اور مسلسل محنت ہی سے حاصل کر سکتے ہیں۔

اگر آپ نوجوان ہیں تو ابھی سے اپنے خوابوں کی تکمیل میں لگ جائیں، یقین کریں کہ آپ کو شاہانہ زندگی نہ بھی ملے لیکن آپ 30 سال تک دوسروں سے اچھی اور آسودہ زندگی ضرور گزار رہے ہوں گے۔ ’’کیا آپ گھر بیٹھے ماہانہ 70سے 80 ہزار روپے کمانا چاہتے ہیں‘‘۔ سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کی نظروں سے اکثر ایسی پوسٹس گزرتی ہوں گی، ان میں سے بیشتر پوسٹس فراڈ ہوتی ہیں۔ بہت سے سادہ لوح حضرات جو معاشی تنگی کا شکار ہوتے ہیں اور پیسے کمانا چاہتے ہیں، اس فراڈ کا شکار ہو جاتے ہیں اور چند ہی دنوں میں اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ تب انہیں سمجھ آتا ہے کہ دنیا میں کوئی بھی چیز اتنی آسانی سے نہیں ملتی۔

پیسے خرچ کرنا جتنا آسان ہے، کمانا اتنا ہی مشکل ہے۔ پیسے کمانا اور امیر بننا مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔ اگر آپ امیر بننا چاہتے ہیں اور معاشی فکروں سے آزاد زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو درج ذیل باتوں پر عمل کریں۔

اپنے اوپر پیسہ انویسٹ کریں

سیکھنے کا عمل کبھی بھی رکنا نہیں چاہئیے۔ دنیا جس تیز رفتاری سے ترقی کر رہی ہے، روز بروز نئی سے نئی ایجادات سامنے آتی جا رہی ہیں۔ ان حالات میں اپنے آپ کو ہمیشہ اپ ڈیٹ رکھیں۔ اپنے شعبے سے متعلقہ کورسز کریں اور اپنی صلاحیتیں بڑھائیں۔

محنت سے مت گھبرائیں

محنت میں عظمت ہے، یہ تو آپ نے سنا ہی ہو گا۔ آپ جس کام میں اپنی محنت ڈالیں گے وہ آپ کو آپ کی محنت کا پھل ضرور دے گا۔ اگر آپ امیر ہونا چاہتے ہیں تو آپ کو محنت سے اپنا کام کرنا ہو گا۔

رسک لینے سے مت گھبرائیں

اگر آپ کے ذہن میں کوئی اچھوتا آئیڈیا ہے تو اسے فضول سمجھ کر نظر انداز نہ کریں بلکہ اس پر کام کریں۔ متعلقہ فیلڈ کے ماہرین سے ملیں، ان سے اپنے آئیڈیاز کے متعلق بات کریں اور اس کو نکھاریں۔ مشہورِ زمانہ ناول ہیری پوٹر کی مصنفہ جے کے رالنگ کو ہیری پوٹر سیریز کا پہلا ناول چھپوانے کیلئے خوب پاپڑ بیلنے پڑے تھے۔ کئی پبلشرز نے ان کا ناول چھاپنے سے انکار کر دیا تھا مگر انہوں نے ہار نہ مانی اور بالاخر ایک دن ان کا ناول نہ صرف چھپا بلکہ دنیا کا بیسٹ سیلر ناول بن گیا۔

ذرائع آمدن بڑھائیں

اپنے ذرائع آمدن بڑھائیں، یہ ایک سادہ سا کلیہ ہے۔ اگر آپ اپنے ذرائع آمدن بڑھائیں گے تو آپ کی آمدن بھی بڑھے گی۔ آپ بڑی بڑی کمپنیز کو دیکھیں، وہ بھی یہی کچھ کرتی ہیں۔ ایک کاروبار سے آغاز کرتی ہیں اور آہستہ آہستہ اپنے کاروبار کا پیمانہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کے نئے کاروبار بھی شروع کر دیتی ہیں۔

کامیاب لوگوں کے ساتھ بیٹھیں

آپ کی سوچ آپ کے گردونواح پر بہت انحصار کرتی ہے۔ اگر آپ ایسے لوگوں کے ساتھ رہتے ہیں جو کاہل اور سست ہیں اور زندگی میں آگے نہیں بڑھنا چاہتے تو آہستہ آہستہ آپ بھی ان جیسے ہو جائیں گے۔ اس لئے ضروری ہے کہ آپ ایسے دوستوں کا انتخاب کریں جو کوئی مقصد رکھتے ہوں۔ ایسے لوگوں کا ساتھ آپ کو بھی ہمیشہ آگے بڑھنے پر اکساتا رہے گا۔ آپ کسی بھی کامیاب شخصیت کی کامیابی کی جدوجہد کا مطالعہ کریں آپ کو ہمیشہ ان کے ساتھیوں میں کامیاب لوگ ملیں گے۔