خبرنامہ

امیگریشن مراحل کومزیدآسان بنانےکیلئےکوشاں ہیں،جنرل سلیمان الیحییٰ

ریاض ۔(ملت+اے پی پی) سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹرجنرل نے کہا ہے کہ مستقبل میں سفری دستاویز کی جگہ فنگر پرنٹ اورچہرے کی سکیننگ کو شناخت کیلئے استعمال کیا جائیگا۔ سعودی ٹیلی ویژن کو دیئے گئے انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ امیگریشن کے مراحل کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ڈیجیٹل سسٹم سے مملکت آنے والےعازمین کوبہت سہولت ہوئی۔ مستقبل میں دستاویز کے بغیرسفری سہولت فراہم کرنے پرغورکیاجارہا ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے جنرل الیحییٰ نے کہا کہ فنگرپرنٹ سسٹم سے جہاں عازمین کو سہولت ہو رہی ہے وہاں پاسپورٹ کے ادارے کو بھی کافی آسانی ہو گی۔ فنگرپرنٹ سسٹم کی افادیت کے حوالے سے جنرل الیحیی کا کہنا تھا کہ فنگر پرنٹ سے فوری طور پر اس شخص کا ڈیٹا حاصل کیاجاسکتا ہے جس کا اندراج پاسپورٹ کے مرکزی کمپیوٹر میں کیا گیا ہو۔ فنگر پرنٹ کے علاوہ آنکھوں اور چہرے کی اسکیننگ کی سہولت بھی محکمہ کو حاصل ہے جس سے جعلسازی پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔ ماضی میں اس حوالے سے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔