خبرنامہ

ام المومنین حضرت خدیجۃالکبریؓ کا یوم وصال عالم اسلام میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

اسلام آباد(ملت آن لائن،اے پی پی) ام المومنین حضرت خدیجۃالکبریؓ کا یوم وصال عالم اسلام اور ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا اس سلسلے میں ملک بھر کی تمام مساجد، صوفیائے کرام کے آستانوں اور امام بارگاہوں میں ام المومنین حضرت خدیجۃالکبریؓکے یوم وصال کے سلسلے میں خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا گیا اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب مرکزی امام حسین کونسل کے زیر اہتمام پرل کانٹینیٹل ہوٹل راولپنڈی میں ہوئی جس کی صدارت ممتاز سکالر اور مرکزی امام حسین کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفرمہدی نے کی۔انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ام المومنین حضرت خدیجۃالکبریؓ پوری انسانیت کی خواتین کیلئے مشعل راہ ہیں۔وہ عر ب کی سب سے بڑی تاجر تھیں اور انہوں نے اپنا تمام سرمایہ آنحضور نبی اکرم ﷺکی ترویج کے لئے قربان کردیا ۔تحریک اسلامی کے سربراہ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ام المومنین حضرت خدیجۃالکبریؓ نے عرب میں رائج لڑکیوں کو زندہ درگور کرنے کی رسم ختم کی اور خواتین کے مقام میں اضافہ کیا،علامہ اظہار بخاری نے کہا کہ حضرت بی بی خدیجۃالکبریؓ نے یتیموں اور ناداروں کے لئے دنیا میں پہلا بیت المال قائم کیا ،علامہ ایاز ظہیر ہاشمی نے کہا کہ سیرت حضرت خدیجہ کو عالمی سطح پر روشناس کرانے سے مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور محبت کی فضا پیدا ہوگی۔کانفرنس سے علامہ عظمت سلطان اور فیصل مشتاق مغل ،حکیم سید محمود سرو سہاونپوری ،اخلاق زیدی ،محمد رفیق مغل اور دیگر علما و سکالرز نے ام المومنین حضرت خدیجۃالکبریؓ کے خدمات جلیلح کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔کانفرنس کے آخر میں مسلمانان عالم سے اپیل کی گئی کہ وہ اقتصادی ترقی کے لئے اور کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ نے شرکت کی ۔