خبرنامہ

انسانی شکل والا کتا سوشل میڈیا پر مشہور ہوگیا

انسانی شکل والا کتا سوشل میڈیا پر مشہور ہوگیا

بوسٹن:(ملت آن لائن) انسانی چہرے سے مشابہت رکھنے والے پالتو کتے ’یوگی‘ کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی ہے۔ امریکی خاتون کے پاس ایک ایسا پالتو کتا ہے جس کی آنکھیں بالکل انسانوں جیسی ہیں اور جس کے چہرے کے خدوخال انسانی چہرے سے بہت زیادہ مطابقت رکھتے ہیں۔ انسانی چہرے سے شباہت رکھنے پر ایک سالہ یوگی انٹرنیٹ کا سیلیبریٹی بن گیا ہے۔ یوگی کی منفرد، گول اور براؤن آنکھیں پہلی نظر میں ہی کسی انسانی آنکھ کا تاثر پیش کرتی ہیں۔ سونے پہ سہاگہ یہ کہ یوگی کے جبڑوں اور گول چہرے نے مل کر اس کی ہیئت کو انسانی شکل سے اور بھی زیادہ مشابہ بنادیا ہے، جسے دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے کسی انسان کے پورے چہرے پر بال ہی بال اُگ آئے ہوں۔ یوگی نرم بالوں والے کتوں کی قسم ’’شیہ پو‘‘ سے تعلق رکھتا ہے جس کا جسم دنبے کی طرح بالوں سے بھرا ہوتا ہے اور جو انسانوں کے ساتھ رہنا پسند کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پر یوگی کی پہلی تصویر کو صارفین نے ترمیم شدہ اور جعلی قرار دیا تاہم جب یوگی کی مالکن نے اپنے ہمراہ یوگی کی خوبصورت حرکتوں کی ویڈیو شیئر کرائی تو سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی جبکہ ہزاروں لوگوں نے اسے پسند اور شیئر کیا۔ کچھ صارفین نے کتے سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کےلیے اس کی مالکن تک رسائی بھی حاصل کی۔ صارفین نے یوگی کی گول اور براؤن آنکھوں کو معروف اداکاروں سے تشبیہ دیتے ہوئے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر یوگی کے ساتھ اداکاروں کی تقابلی پوسٹیں بھی شیئر کیں۔