خبرنامہ

اومان میں موبائل نمبر 5 کروڑ 61 لاکھ روپے میں نیلام

اومان میں موبائل

اومان میں موبائل نمبر 5 کروڑ 61 لاکھ روپے میں نیلام

مسقط:(ملت آن لائن) اومان میں ٹیلی کام کمپنی کی جانب سے نیلام کیا گیا گولڈن نمبر 5 کروڑ 61 لاکھ روپے میں فروخت ہونے کی وجہ سے خبروں کی زینت بن گیا۔ اومان کی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی کی جانب سے 83 لاکھ 90 ہزار درہم کے 10 ڈائمنڈ نمبرز اور گولڈن نمبرز نیلام کے لیے پیش کیے گئے جس میں سے صرف ایک گولڈن نمبر ’71111111‘ 18 لاکھ 65 ہزار 600 درہم میں فروخت ہوا جس کی مالیت پاکستانی رقم میں 5 کروڑ 61 لاکھ 31 ہزار 347 روپے بنتی ہے۔ اومان ٹیل کمپنی کے جنرل منیجر انجینئر احمد بن سعید ال ریامی نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ( ٹی آر اے) کے تعاون سے پہلی بار آن لائن نیلامی منعقد کروائی جس میں 222 اُمیدواروں نے حصہ لیا جب کہ نیلامی میں صرف 10 مختلف گولڈ اور ڈائمنڈ نمبرز رکھے گئے تھے۔ احمد بن سعید ال ریامی نے بتایا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد اومان کے فلاحی ادارے کو دیا جائے گا اور باقی رقم کمپنی اور ٹی آر اے میں تقسیم کی جائے گی۔ فلاحی ادارے کو رقم دینے کا مقصد سماجی بہتری کے لیے مختلف اداروں اور سول سوسائٹی کی مدد کرنا ہے اور ہم اس بہترین اقدام پر ٹی آر اے کو مبارک باد دیتے ہیں جنہوں نے سلطنت کی پہلی منفرد نیلامی میں ہمارا ساتھ دیا۔ واضح رہے کہ ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی( ٹی آر اے) کی جانب سے گزشتہ ماہ انٹرنیٹ پر اعلان کیا گیا تھا کہ صارفین آن لائن نیلامی کے ذریعے گولڈن نمبر حاصل کرسکتے ہیں جب کہ اس نیلامی کا ایک اور مقصد یہ بھی تھا کہ موبائل فون نمبر دینے اور جاری کرنے کے عمل کو شفاف بنایا جاسکے۔