آسٹریلیا میں جوتا نگلنے والا سانپ مرنے سے بچ گیا
سڈنی:(ملت آن لائن) حیوانات کے ڈاکٹروں نے ایک ایسے سانپ کی زندگی بچالی جس نے انسانی جوتا کھا لیا تھا۔ ایکس رے سکین سے صاف پتا چل رہا ہے کہ پائیتھون نے جوتا نگل رکھا تھا، بتایا گیا ہے کہ ایک بزرگ نے صبح اٹھ کر دیکھا تو اس کا ایک جوتا غائب تھا جبکہ تین دن بعد اسی گھر میں سانپ دیکھ کر اس نے سانپ پکڑنے والوں کو بلایا جنہوں نے اس کے پیٹ کو غیر معمولی طور پر پھولا ہوا پایا۔ایکسرے سے سانپ کے پیٹ میں جوتے کی موجودگی ثابت ہوگئی ، ڈاکٹروں نے سرجری کے بعد پیٹ سے جوتا نکال لیا نارمن اور سیلی ہل نے سانپ کو پکڑ کر حیوانات کے ہسپتال لے جا کر دکھایا جہاں کئے گئے ایکسرے سے حقیقت واضح ہوئی، ڈاکٹرز نے اس کا آپریشن کرتے ہوئے پیٹ سے جوتا نکال دیا جسے سانپ ہضم نہیں کرپایا تھا جبکہ سانپ کوبے ہوش کر کے سرجری کی گئی اور بعد میں اسے دردکش، زخم ٹھیک ہونے اور خون بند ہونے کی ادویات دی گئیں۔ سانپ کے آپریشن سے پہلے اور بعد کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئیں جنہیں دیکھ کر بہت سے افراد نے حیرانگی کا اظہار کیا۔