آسٹریلیا کے 99 سالہ تیراک نے عالمی ریکارڈ توڑ دیا
کوئنز لینڈ:(ملت آن لائن) آسٹریلوی تیراک جارج کرونز نے 99 برس کی عمر میں کوئنز لینڈ میں ہونے والے مقابلوں میں 50 میٹر تیراکی کا فاصلہ 56.12 سیکنڈ میں طے کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ آسٹریلیا میں کوئنز لینڈ میں جاری عالمی مقابلوں میں 100 سے 104 سال کی عمر والے تیراکوں کی کیٹیگری میں جارج کرونز نے 2014ء میں بنائے گئے ریکارڈ کو 35 سیکنڈ کے فرق سے توڑ کر نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے ریکارڈ سے متعلق تفصیلات اسپورٹس گورننگ باڈی کو بھیج دیں جو اس ریکارڈ کی تصدیق کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔ کرونز رواں سال اپریل میں اپنی عمر کی ایک صدی مکمل کرلیں گے۔
جارج کرونز نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے بہت خوشگوار لمحہ ہے اور میں فتح کے جذبے سے سرشار ہوں، میں نے بھر پور قوت کے ساتھ سوئمنگ پول کی دیوار کو چھو کر اپنی فتح کا اعلان کیا، تالیوں کی گونج میں سونے کا تمغہ وصول کرنا میری زندگی کا سب سے انمول لمحہ ہے، عالمی ریکارڈ توڑنے کے احساس نے مجھے پھر سے جوان کردیا ہے۔ جارج کرونز جوانی میں بہترین تیراک ہوا کرتے تھے لیکن مصروفیت کے باعث اپنے اس شوق کو جاری نہ رکھ سکے، ملازمت، کاروبار اور اہل خانہ سے متعلق ذمہ داریوں نے انہیں الجھائے رکھا یہاں تک وہ 80 سال کے ہوگئے۔ انہوں نے اس بڑھاپے میں اپنے شوق کو دوبارہ پروان چڑھانا چاہا اور سو سال کی عمر میں یہ عالمی اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔