خبرنامہ

ایران؛ میزائل سسٹمز کے کامیاب تجربات

تہران: (ملت+اے پی پی) ایران میں جاری فوجی مشقوں کے دوسرے روز میزائل سسٹمز کے کامیاب تجربات کئے گئے۔مدافعان آسمان ولایت سات نامی فوجی مشقوں کے دوسرے دن مرصاد اور یازہرا تین میزائل سسٹمز نے کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ان فوجی مشقوں کے ترجمان جنرل عباس فرج پور علمداری نے کہا ہے کہ ان مشقوں کے دوسرے مرحلے میں خاتم الانبیاء ایئر ڈیفنس سسٹم کے چھوٹے اور درمیانی سائز کے میزائل سسٹمز نے کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف کو نشانہ بنا کر انھیں تباہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی طور پر تیار کیے گئے مرصاد اور یا زہرا تین میزائل سسٹمز نے دشمن کے حملہ آور طیاروں کا پتہ لگا کر انھیں تباہ کر دیا۔ جنرل عباس فرج پور علمداری نے اس بات پر زور دیا کہ مرصاد اور یا زہرا میزائل سسٹمز کو اپ گریڈ کر کے ان کی کارکردگی مزید بہتر بنائی گئی ہے اور ایران کی مسلح افواج کے ماہرین نے ان فوجی مشقوں میں ان کا کارکردگی کا گہری نظروں سے جائزہ لیا ہے۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی مدافعان آسمان ولایت سات کے نام سے مشترکہ فوجی مشقیں ایران کے جنوبی اور جنوب مغربی علاقے میں پانچ روز تک جاری رہیں گی۔